Saturday, July 27, 2024

بنوں کے علاقہ جانی خیل میں خودکش حملہ، 9 جوان شہید، 5 زخمی

بنوں کے علاقہ جانی خیل میں خودکش حملہ، 9 جوان شہید، 5 زخمی
August 31, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - بنوں کے علاقہ جانی خیل میں خودکش حملہ کے دوران 9 جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار فوجی قافلے سے ٹکرایا، حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا، سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسزدہشت گردی کی لعنت کوختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خود کش حملے کی مذمت کی، ٹویٹ پیغام میں کہا کہ دل بنوں میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی سے غمزدہ ہے، ہمدردیاں شہید اور زخمیوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے بنوں میں فورسز پرحملے کی مذمت کی، کہا پوری قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے، دہشت گرد کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حو صلے پست نہیں ہوسکتے۔

نگراں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم نے بھی فورسز پرحملے کی مذمت کی، شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

سابق صدرآصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی فورسز پرحملے کی مذمت کی، اپنےبیان میں کہا دہشت گرد قوم اور ملک کے دشمن ہیں۔