lahore (92 News) - بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر حسن محمود زبردست فارم میں ہیں، انہوں نے چنئی میں بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ہی بھارتی بیٹنگ لائن تباہ کردی ہے۔
حسن محمود نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چنئی ٹیسٹ کے پہلے روز ہی روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی اور رشبھ پنت کو آؤٹ کرکے پویلین کی راہ دیکھائی۔
چنئی ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کے نوجوان باؤلر زبردست فارم میں نظر آرہے ہیں، بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے 4 بیٹسمینوں کو آؤٹ کرکے پویلین واپس بھیج دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو کے نام کا خصوصی سکہ جاری
چنئی ٹیسٹ میچ کے پہلے سیشن میں گیند بازوں کو کچھ مدد ملی اور حسن محمود نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
بنگلادیش کے 24 سالہ فاسٹ باؤلر نے مارچ 2020 میں بین الاقوامی ڈیبیو کرنے کے بعد سے شائقین اور ماہرین دونوں کو متاثر کیا ہے۔ 2024 کے اوائل میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے سے پہلے حسن محمود زیادہ تر بنگلا دیش کے لیے وائٹ بال کرکٹ میں نمایاں رہے۔
حسن محمود نے فوراً ہی کامیابی کا مزہ چکھا جب اس نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے بنگلا دیش کو پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز 0-2 سے جیتنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی 2025: آئی سی سی کا وفد پاکستان میں!
چنئی ٹیسٹ سے پہلے، اس نے تین ٹیسٹ میچوں میں 25 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے پاس ون ڈے میں بھی 30 اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 18 وکٹیں ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم اس وقت 4 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا چکی ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے 6، شبھمن گل بغیر کوئی رن بنائے واپس لوٹ گئے، بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی بھی مجموعی اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد رشبھ پنتھ بھی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کے چاروں بلے باز بنگلادیشی نوجوان فاسٹ باؤلر حسن محمود کا شکار ہوئے۔
یاد رہے کہ رشبھ پنت، 2022 میں مہلک کار حادثے کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔