Friday, September 20, 2024

بلیک مافیا کیخلاف ایکشن، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 5 روپے سستا، قیمت 307 روپے پر آگئی

بلیک مافیا کیخلاف ایکشن، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 5 روپے سستا، قیمت 307 روپے پر آگئی
September 7, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - بلیک مافیا اور اسمگلرز کیخلاف ایکشن سے ڈالر کے پر کٹ گئے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید پانچ روپے سستا ہوکر تین سو سات روپے کا ہوگیا۔

ڈالرائزیشن اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف ڈنڈا اٹھانے کا بہترین نتیجہ سامنے آگیا۔ ایکسچینج کمپنیوں نے دوروز میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں دو کروڑسےزائد ڈالر جمع کرادیئے۔

ایک سال بعد انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت برار ہوگئی ہے۔
صدر ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستا ن نے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کا کریڈٹ آرمی چیف کو دیا ہے۔ کہتے ہیں ٹاسک فورس کی کارروائیوں میں بلیک مارکیٹنگ کرنے والے کئی افراد گرفتار،کئی انڈر گرائونڈ ہوگئے۔

ڈالر رکھنے والے افراد ایکسچینج کمپنیوں کو ڈالر بیچ رہے ہیں۔
اسی طرح حالات رہے تو ڈالر کی قیمت مزید بہتر ہوگی۔
انٹربینک کی بات کریں تو آج انٹربینک میں ڈالر 2روپے 3پیسےسستا ہوکر 304 روپے 95 پیسے پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر پانچ روپے کی بڑی کمی سے 307روپے کا ہوگیا۔

دوسری جانب سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ آج فی تولہ 5 ہزار 800 روپے سستا ہوکر 2 لاکھ 16 ہزار 500 کا ہوگیا جبکہ دس گرام سونا 4972 کمی سے ایک لاکھ 85 ہزار 614 پر پہنچ گیا۔

عالمی بازار میں سونا 5ڈالر کم ہوکر 1921 ڈالر فی اونس رہا۔