Saturday, April 20, 2024

بلوچستان، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 2 دن میں مزید 6 جاں بحق، تعداد 176 ہوگئی

بلوچستان، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 2 دن میں مزید 6 جاں بحق، تعداد 176 ہوگئی
August 7, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دو دنوں میں مزید 6 افراد بارشوں کی نذر ہوگئے، جاں بحق افراد کی تعداد 176 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہر طرف تباہی کے آثار نظر آنے لگے، پی ڈی ایم اے نے صوبے میں ہونے والے ابتک کے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی، پی ڈی ایم اے کےمطابق صوبے بھر میں 18 ہزار 87 مکانات منہدم ہوگئے، بارشوں میں 670 کلو میٹر پر مشتمل مختلف 6 شاہرائیں شدید متاثر ہوئیں، 23 ہزار جانور ہلاک ہوگئے۔

حالیہ بارشوں کے باعث بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے، زیادہ تر اموات صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، بولان، ژوب، دکی، خضدار میں ہوئیں، بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 75 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر صوبے بھر میں 18 ہزار مکانات منہدم ہوگئے یا انہیں جزوی نقصان پہنچا، 670 کلومیٹر پر مشتمل مختلف 6 شاہرائیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ 16 رابطہ پل بھی سیلابی ریلوں کے باعث بہہ گئے۔ متاثرین کے 23 ہزار سے زائد مال مویشی بھی ہلاک ہوگئے، دو لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔