Friday, April 19, 2024

بلوچستان میں مون سون کا چوتھا اسپیل، کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال، اموات کی تعداد 197 ہوگئی

بلوچستان میں مون سون کا چوتھا اسپیل، کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال، اموات کی تعداد 197 ہوگئی
August 15, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) – بلوچستان میں مون سون کے چوتھے اسپیل میں طوفانی بارشوں کے باعث متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال ہے، صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 197 ہوگئی۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے دوران طوفانی بارشیں جاری ہیں، جس سے متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال درپیش ہے۔

محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات وواقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 197 ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسی خیل میں کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث 10افراد جاں بحق ہوئے۔

کوہلو میں بھی بارشوں کے باعث متعدد دیہات زیرآب آگئے جس کی وجہ سے لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سبی میں دریائے ناڑی سے آنے والے سیلابی ریلے سے نصیر آباد کی تحصیل چھتر میں الرٹ جاری کردیا گیا۔

جھل مگسی میں دریائے مولہ میں بھی اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ جس سے متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ جعفرآباد میں شاہی کینال میں بھی شگاف پڑنے سے پانی کا رہائشی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ پی ڈی ایم اے ضلعی انتطامیہ پاک فوج اور ایف سی کا متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن بھی جاری ہے۔ متاثرین کو خیمے اور کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کے ساتھ ساتھ متاثرہ شاہراہوں اور گھروں کی بحالی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔