Friday, March 29, 2024

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں سے تباہ کاریاں، معاملات زندگی مفلوج

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں سے تباہ کاریاں، معاملات زندگی مفلوج
August 3, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں سے تباہ کاریاں جاری ہیں جس کے باعث معاملات زندگی تاحال مفلوج ہے۔

صوبے کے بیشتر اضلاع کے دیہاتوں میں معاملات زندگی تاحال مفلوج اور شہروں سے بھی رابطہ سٹرکیں بحال ہو سکی۔ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے کوئٹہ، لسبیلہ، اوتھل، خضدار، آوران، نوشکی، چاغی، بولان، کان میترزئی، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور ژوب سمیت دیگر علاقے شدید متاثر ہوئے۔ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 13 ہزار 975 مکانات منہدم ہونے سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔ متاثرہ اضلاع میں پاک فوج، ایف سی، پی ڈ ی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو وریلیف آپریشن جاری ہے۔

بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں ہیضے سمیت دیگر امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران 670 کلو میٹر پرمشتمل مختلف 6 شاہرائیں شدید متاثرہونے کے ساتھ مختلف مقامات پر 16 پل ٹوٹ چکے ہیں۔ بارشوں سے 23 ہزار 5 سو مال مویشی ہلاک ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو سے تین تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔