Wednesday, May 8, 2024

بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، 12 زخمی

بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، 12 زخمی
February 26, 2023 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکہ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ 

پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل پر نصب تھا، متعدد گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا، سکیورٹی ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادوروں کے اہلکار موقع سے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

ڈی سی بارکھان عبداللہ کھوسہ کا کہنا ہے کوئی تھریٹ الرٹ نہیں تھا مگر سکیورٹی الرٹ تھی، امن دشمنوں نے بازار میں گنجان جگہ کو ٹارگٹ کیا، سکیورٹی اداروں نے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ 

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بارکھان میں دھماکے کی مذمت کی، جاں بحق ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کی بیخ کنی کے لیے پرعزم ہے۔ دہشتگردوں کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، وہ انسانوں کی شکل میں سفاک درندے ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی بارکھان دھماکے کی شدید مذمت کی، قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے دھماکے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بلوچستان میں امن اور ترقی کے دشمن ہیں، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکھنی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف مزید موثر سٹریٹیجی اپنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔ کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔