Thursday, March 28, 2024

بلوچستان، جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں آئی ایس پی آر کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری

بلوچستان، جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں آئی ایس پی آر کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری
July 31, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - بلوچستان اورجنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آئی ایس پی آر کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور فرنٹیئر کور ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امداد، طبی سہولیات کی فراہمی اور مواصلاتی نظام کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔

چمن میں پاک، افغان سرحد پر باب دوستی مکمل فعال ہے۔ نوشکی میں امدادی سرگرمیاں تیز، ایک ہزار سے زیادہ متاثرین کو پکا پکایا کھانا پیش کیا گیا۔

دریائے سندھ کے علاوہ تمام دریا تاحال معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، سندھ میں اٹک، تربیلا، چشمہ اور گڈو کے مقام پر کم درجے کا سیلاب ہے، دریائے کابل میں وارسک کے مقام پر کم اور نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

خیبر پختونخوا میں مردان میں بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، ضلع مہمند کے مقامی برساتی نالوں کے بپھرنے کی اطلاعات ہیں۔