Thursday, April 25, 2024

بلوچستان بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، بچی اور 3 خواتین سمیت 7 جاں بحق

بلوچستان بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، بچی اور 3 خواتین سمیت 7 جاں بحق
July 5, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بلوچستان بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، کوئٹہ میں مختلف حادثات میں ایک بچی اور 3 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

بلوچستان میں بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، کوئٹہ، قلات، نوشکی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ژوب، شیرانی سمیت مختلف اضلاع میں طوفانی بارشیں وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی۔

کوئٹہ میں 200 سے زائد کچے مکان منہدم ہوگئے، چھتیں گرنے سے ایک بچی اور 3 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، شہر میں آج مزید بارش برسنے کا امکان ہے۔ مشیر داخلہ ضیاء لانگو کا کہنا ہے حکومتی مشینری الرٹ ہے۔

بولان کے پہاڑی سلسلے میں بارشوں کے بعد سیلاب آگیا، سیلابی ریلہ سبی میں پانچ کان کنوں کو بہاکر لے گیا۔ مقامی لوگوں نے دو افراد کو بچالیا جبکہ 3کان کن لاپتہ ہیں، متاثرہ کان کنوں کا تعلق مری قبیلے سے ہے۔

شدید بارش کے باعث کوئٹہ کولپور روڈ آمدو رفت کیلئے بند ہوگئی، ڈپٹی کمشنر بولان کا کہنا ہے شہری بولان قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کریں، بارش سے کوئٹہ شہر کی سٹرکیں تالاب بن گئیں۔ سیوریج کا پانی بھی سڑکوں پر بہنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اگلے 24 گھنٹوں میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں مزید طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔