Friday, March 29, 2024

بلدیاتی انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں، خالد مقبول صدیقی

بلدیاتی انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں، خالد مقبول صدیقی
January 25, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ایم کیو ایم رہنماء خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے بلدیاتی انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں۔

بُدھ کے روز کراچی میں ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرن آؤٹ چار پانچ فیصد سے زیادہ نہیں تھا، الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کو موقع دیتے ہیں کہ حلقہ بندیاں کرا کر انتخابات کرائیں ورنہ بات سڑکوں پر ہوگی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گزشتہ دنوں بدترین بلدیاتی انتخابات دیکھنے میں آئے، گزشتہ مردم شُماری سات سال کی تاخیر سے کی گئی، مردم شماریاں غلط ہوئیں مگر انہیں درست نہ کیا جاسکا۔

ایم کیو ایم رہنماء نے کہا کہ جس طرح کی حلقہ بندیاں حیدرآباد میں کی گئیں ایسی ہی سکھر، میرپور خاص اور نوابشاہ میں بھی کی گئیں، ان دھاندلیوں پر اپیلیں دائر کیں۔ ہمارا کیس مضبوط تھا تو سپریم کورٹ کو چاہئے تھا کہ از خود نوٹس لیتی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اتحادی ہیں لیکن خود کو بیچا نہیں، دھاندلی کے ذریعے کراچی کو کسی اور کا شہر ثابت کرنے کی کوشش کی گئی۔