Wednesday, May 8, 2024

بلدیاتی انتخابات کے التوا بارے درخواستیں مسترد، ایم کیو ایم کا سپریم کورٹ رجوع کرنیکا فیصلہ

بلدیاتی انتخابات کے التوا بارے درخواستیں مسترد، ایم کیو ایم کا سپریم کورٹ رجوع کرنیکا فیصلہ
June 24, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردیں، ایم کیو ایم نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چلینج کرنے کا عندیہ دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس محمد جنید غفار کی سربراہی میں بینچ کے روبرو بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا جواب ٹھوس بنیادوں پر مشتمل نہیں۔ یہ جواب رسمی طور پر جمع کرایا گیا ہے۔
ابھی تک انتخابی فہرستیں مکمل نہیں ہیں۔۔اس لئے انتخابی عمل شروع نہیں ہونا چاہیے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ساری غلطیاں الیکشن کمیشن کی طرف سے نہیں ہوتیں۔ الیکشن کمیشن میں غلط معلومات کے اندارج کے باعث کچھ خامیاں رہ جاتی ہیں۔ الیکشن کمیشن تمام چیزوں کا جائزہ لیکر خامیوں کو دورکرتا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کروانے اور مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کا حکم دیا۔ اسمبلی نے سلیکٹ کمیٹی بنانے کی تجویز دی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق درخواستیں مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر ہونگے۔ تفیصلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔
ایم کیو ایم کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا عندیہ دیدیا۔