Friday, April 19, 2024

بلاول بھٹو کی انٹونی بلنکن سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال

بلاول بھٹو کی انٹونی بلنکن سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال
September 27, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات ہوئی، پاک امریکا تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

بلاول بھٹو نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے انصاف میں امریکی مدد اور تعاون کا خواہاں ہے۔

واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک بہت بڑی قدرتی آفت اور تباہی کا سامنا ہے جس سے ملک بھر میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دس ممالک میں شامل ہے۔ امریکی تعاون سے سبز انقلاب کے سینکڑوں منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ 0.8 فیصد سے کم ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے امریکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان کے لیے فوڈ سکیورٹی کے عنوان سے مزید 10 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اب تک 55 ملین ڈالر کی رقم فراہم کی ہے۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکہ مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی مدد جاری رکھے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب زد گان کی مدد پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔