بلاول بھٹو کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کا فون، حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی
اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے فون کیا اور گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے پاکستانی سفارتخانے کابل پر دہشتگرد حملے کے تناظر میں فون کیا۔ افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی۔ افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا افغان حکومت گھناؤنے حملے کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ سیکیورٹی گارڈ اسرار محمد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں، دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یکجہتی کے بھرپور اظہار پر عبوری افغان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں پاکستان کے سفارتی عملے کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ افغان حکومت دہشتگرد عناصر کو پاکستان، افغانستان تعلقات خراب کرنے سے روکے۔ وزیر خارجہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان ایسے بزدلانہ دہشتگرد حملوں سے کبھی مرعوب نہیں ہو گا۔