Thursday, April 25, 2024

بلاول بھٹو کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار

بلاول بھٹو کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار
May 22, 2022 ویب ڈیسک

بیجنگ (92 نیوز) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے چینی ہم منصب وانگ ژی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا شاندار میزبانی پر چین کا شکرگزار ہوں۔ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ پاک چین دوستی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستانی عوام کا نیک خواہشات کا پیغام چینی قیادت اور عوام کیلئے لایا ہوں۔ پاکستان چینی شہریوں پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔ کسی کو بھی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا سی پیک پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ پاکستان چین کیساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ہر مشکل وقت میں چین کی مدد اور تعاون پر شکرگزار ہیں۔

اس موقع پر چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ دوستی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ بطور وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو دروے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان اور چین کا مختلف علاقائی وعالمی امور پر یکساں موقف رہا ہے۔