Thursday, May 2, 2024

بجٹ 2022-23ء: گاڑیوں، پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافہ، سولر پینل، زرعی مشینری، خام مال سستا

بجٹ 2022-23ء: گاڑیوں، پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافہ، سولر پینل، زرعی مشینری، خام مال سستا
June 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی بجٹ سے پٹرولیم مصنوعات، گاڑیوں، موبائل فون، پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ سولر پینل، زرعی مشینری، خام مال سمیت مختلف اشیاء پر ریلیف سے قیمتوں میں کمی ہوگی۔ ادویات سستی ہوں گی، نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، سولر پینل اور لیپ ٹاپ کی خریداری کیلئے بھی قرضے ملیں گے۔

وفاقی بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر لیوی عائد کرنے سے قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ لگژری گاڑیوں پر ٹیکس عائد کرنے سے بھی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔ نان فائلر کے گاڑی خریدنے پر بھی ٹیکس 200 فیصد بڑھا دیا گیا۔ موبائل فون بھی 6 ہزار روپے تک مہنگے جبکہ سگریٹ کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔

وزیرخزانہ کی بجٹ تقریر کے مطابق بجٹ میں مختلف نوعیت کے چار ہزار خام مال سستے کرنے کی تجویز دی گئی۔ خام مال پر کسٹم ڈیوٹی، اضافی کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

30 سے زیادہ ادویات کے خام مال پر ڈیوٹی ختم کردی گئی، فرسٹ ایڈ کے سامان پر بھی ڈیوٹی مکمل ختم کی جارہی ہے۔ خیراتی اسپتال اگر پچاس بیڈ سے زیادہ کا ہوگا تو مکمل ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔ ملک بھر کے طلبہ کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ آسان قسطوں پر فراہم کیے جائیں گے۔

نوجوانوں کو آسان قرضے فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، سولر پینل کی درآمد اور مقامی سپلائی پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ بجلی کے غریب صارفین کو سولر پینل قسطوں پر ملیں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹور کو 12 ارب روپے دیئے جائیں گے۔