بجلی کی بچت، اسلام آباد میں بھی مارکیٹس رات 9 بجے بند ہونگی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (92 نیوز) - بجلی کی بچت کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مارکیٹس رات 9 بجے بند ہوں گی، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی بجلی کی بچت کے اوقات کار جاری کردئیے گئے ہیں۔ مارکیٹوں اور تجارتی مراکز سے متعلق دفعہ 144 کے تحت پابندیوں کے اطلاق کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں مارکیٹیں، دکانیں، گودام اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوجائیں گے۔ شادی ہالز، شادی کی تقریبات، لائٹنگ 10 بجےتک بند کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ تجارتی وصنعتی مراکز، ریسٹورینٹس، کلبز، پارک، سینما اور تھیٹرز رات ساڑھے 11 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایمبولینس سروس، طبی مراکز، پٹرول پمپس اور بس اڈے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، اس کے علاوہ تنور، دودھ دہی کی دکان اور سبزی منڈی کو بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ پابندی کا اطلاق اگلے 2 ماہ تک نافذ العمل رہے گا۔