Saturday, May 4, 2024

بجلی کے زائد بلوں کیخلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں صارفین سڑکوں پر نکل آئے

بجلی کے زائد بلوں کیخلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں صارفین سڑکوں پر نکل آئے
September 12, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - بجلی کے زائد بلوں کیخلاف پنجاب کے مختلف شہروں میں صارفین سڑکوں پر نکل آئے، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، رحیم یار خان اور کمالیہ میں احتجاجی مظاہرے۔ احتجاج میں خواتین، کاشتکار اور فیکٹری مزدوروں نے شرکت کی۔

فیصل آباد میں کاشتکاروں نے مہنگی بجلی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین کی جانب سے بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا گیا۔

ادھر رحیم یار خان میں بجلی بلوں میں اضافی ٹیکسز اوور چارجنگ کے خلاف خواتین کا پارہ ہائی ہوگیا، اضافی بجلی بلوں سے تنگ محنت کش خواتین نے دعا چوک اور واپڈا دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ حکومت سے فوری طور پر زائد بجلی بلوں اور اضافی ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

گوجرانوالہ میں بجلی بلوں میں اضافی ٹیکسز کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرین نے شیرانوالہ باغ کے قریب جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین کی جانب سے بجلی بلوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔