لاہور/ راولپنڈی/ پشاور (92 نیوز) - بجلی کے بے تحاشا بلوں پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے، ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، شہریوں نے بجلی کے بل نذر آتش کیے۔
بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز اور روز افزوں مہنگائی کے خلاف شہر شہر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، لاہور، حافظ آباد سمیت مختلف شہروں پر مظاہرین نے بجلی کے بل جلا دیئے، حافظ آباد میں بچوں کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا، بولے والدین بل دیں یا ہماری فیسیں؟
راولپنڈی میں بجلی، گیس، پانی کی بڑھتے ہوئے بلز، ٹیکسز کیخلاف لیاقت باغ راولپنڈی میں احتجاج کیا گیا، راولپنڈی پریس کلب کے باہر بھی عوام نے مظاہرہ کیا۔
سرگودھا میں شہریوں اور تاجروں نے ریلی نکالی، ہائیکورٹ بارملتان اور ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد نے بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حافظ آباد میں بجلی کے بلوں میں بے پناہ اضافےکے خلاف اسکولزکے بچے سڑکوں پرآگئے، منڈی بہاؤالدین، جہلم، بورے والا، جلالپورپیروالا، الہ آباد، حجرہ شاہ مقیم، چونیاں، جڑانوالہ، منڈی شاہ جیونہ میں بھی شہریوں نے بل نذرآتش کیے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اضافی بل اور ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
فیصل آباد میں بجلی کے اضافی بلوں کیخلاف وکلاء برادری بھی میدان میں آ گئی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مکمل ہڑتال کی گئی، وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور بجلی کے بلوں میں ریلیف کا مطالبہ کیا۔ کمالیہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف ہڑتال کی گئی، و کلاء نے بلوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
سرگودھا میں تاجروں اور شہریوں نے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف ڈگری کالج روڈ سے بلاک 12چوک تک ریلی نکالی،،، مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے جینا محال ہے بجلی کے بل ادا کرنا ممکن نہیں رہا۔
چنیوٹ میں بھی بجلی صارفین بِلوں میں اضافی چارجز کیخلاف جھنگ روڈ پر ریلی نکالی جہاں بجلی کے بِلوں کو نذرِ آتش بھی کیا گیا، جھنگ میں بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج کیا گیا۔
مری، تلہ گنگ، اٹک، شیخوپورہ، بہاولنگر، منچن آباد، احمد پور شرقیہ میں بھی شہری باہر نکل آئے، حکومت کیخلاف نعرے بازی کی، چیف جسٹس اور آرمی چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔