Saturday, April 20, 2024

بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ، ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری

بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ، ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری
May 17, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ تک پہنچنے کے باعث شہری علاقوں میں 10 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی بند کی جارہی ہے۔

موسم کی شدت کے ساتھ ہی شارٹ فال بڑھنےسے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔بجلی کی مطلوبہ پیداوار میں ناکامی سے شہری علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی غیر اعلانیہ بندش سے عوام  کو پریشانی کا سامنا ہے۔

پاور ڈویژن کے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب ساڑھے چھبیس ہزار میگاواٹ جبکہ پیدوار صرف 21 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔سب سے زیادہ بجلی نجی پاور پلانٹس سے حاصل ہورہی ہے جو 12 ہزار 578 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ پن بجلی ذرائع سے پیداوار 5 ہزار 90میگاواٹ جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس  کی  صرف 960 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں۔

لوڈشیڈنگ میں اضافے کی وجہ متعدد پاور پلانٹس کو  ایندھن کی سپلائی میں کمی اور بعض بجلی گھروں کی مینٹینن کے باعث بندش کو قرار دیا جارہا ہے۔پاور ڈویژن کے مطابق پاور پلانٹس کی مینٹیننس میں مزید ایک ماہ سے زائد لگ سکتا ہے جس سے آنے والے دنوں میں بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔