Friday, April 19, 2024

بجلی بلوں میں اضافے پر فیصل آباد اور نواحی علاقوں میں احتجاج

بجلی بلوں میں اضافے پر فیصل آباد اور نواحی علاقوں میں احتجاج
August 19, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - بجلی بلوں میں اضافے پر فیصل آباد اور نواحی علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مشتعل مظاہرین نے سب ڈویژن آفس میں توڑ پھوڑ کی جبکہ کئی مقامات پر مرکزی شاہراہوں کو بند کردیا جس کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔

بجلی کے بلوں میں ٹیکسر کی بھرمار پر عوام کا صبر جواب دے گیا، فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں شہری ہاتھوں میں بل اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے سب ڈویژن آفس علامہ اقبال کالونی کا گھیراؤ کرتے ہوئے کھڑکیاں اور شیشے توڑ ڈالے۔ فیسکو عملے نے بھاگ کر جان بچائی سٹاف دفاتر کو تالے لگا کر موقع سے غائب ہوگیا۔

نڑوالا روڈ اور جھنگ روڈ پر مختلف علاقوں کے مکین جمع ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی، مظاہرین نے بجلی کے بھاری بل ادا کرنے سے انکار کر دیا۔

جامعہ چشتیہ چوک میں بھی شہریوں کا بجلی کے بھاری بلوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا، مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے اور سرگودھا روڈ کو بلاک کر دیا۔ ستیانہ روڈ جھال خانوآنہ پر بھی احتجاج کے دوران مظاہرین نے بجلی کے بل نذر آتش کردیئے۔

سمندری میں زائد بجلی بلوں کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین نے فیسکو آفس میں داخل ہو کر شدید نعرے بازی کی۔

ڈجکوٹ میں شہریوں نے تیسرے روز بھی سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور سمندری روڈ بلاک کرکے فیسکو کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔