Friday, April 19, 2024

پارلیمانی اجلاس میں پی پی کا وفد بلاول بھٹو کی قیادت میں شرکت کریگا

پارلیمانی اجلاس میں پی پی کا وفد بلاول بھٹو کی قیادت میں شرکت کریگا
October 2, 2016
    لاہور(92نیوز)قومی سلامتی اور دفاع وطن پر سیاست ہو گی نہ ہی کشمیر پر سمجھوتہ مودی سن لیں پوری قوم کسی بھی قسم کی جارحیت کیخلاف متحد ہے پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کی جانب سے بلائی گئی کانفرنس کیلئے پالیسی مرتب کر لی اورپی پی کا وفد بلاول بھٹو کی قیادت میں شرکت کرے گا ۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور مسئلہ کشمیر پر ایک قومی موقف تشکیل دینے کے لیے کل اسلام آباد میں پارلیمانی جماعتوں کی کانفرنس بلائی ہے۔ کانفرنس میں شریک ہونے والے پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت بلاول بھٹو کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے کانفرنس میں پیش کرنے کے لیے پالیسی نکات تیار کر لیے جس کے مطابق دفاع وطن پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہی سیاست۔ پارٹی قائدین واضح کریں گے کہ ملکی سیاست اپنی جگہ لیکن بھارتی جارحیت کے خلاف تمام سیاسی قوتیں متحد ہیں۔ پیپلز پارٹی وزیراعظم پر زور دے گی کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے مستقل وزیر خارجہ مقرر کریں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے اس عزم کا اظہار بھی کیا جائے گا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ارض وطن کے دفاع کے لیے وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارت کے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا جائے گا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں، تمام تنازعات پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کئے جائیں۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آگے بڑھے اور جنوبی ایشیا سے ایٹمی جنگ کے خطرات ٹالنے کے لیے کردار ادا کرے۔