Saturday, May 18, 2024

بحریہ یونیورسٹی کی کانوکیشن تقریب، 632 طلباء کو ڈگریاں تفویض

بحریہ یونیورسٹی کی کانوکیشن تقریب، 632 طلباء کو ڈگریاں تفویض
January 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کی دوسری کانوکیشن کی تقریب لاہور میں ہوئی،632 طلباء کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی اور تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو میڈلز اور اسناد دیں۔

کُل 632 انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ طلباء کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ متعلقہ پروگرامز اور شعبہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے 23 طلباء کو گولڈ میڈلز جبکہ 19 طلباء کو سلور میڈلز دیئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے طلباء کو مبارکباد دی اور اُن کی تعلیمی کارگردگی کو سراہا۔ ایڈمرل نے کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کے لیے متعلقہ شعبوں میں بیش بہا علمی مہارت مہیا کرنے پر بحریہ یونیورسٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ نیول چیف نے جامعات کی ملٹی نیشنل کارپوریشنز، سرکاری و نجی سیکٹرز اور ریسرچ کے اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک نیٹ ورکنگ بڑھانے پر زور دیا۔

قبل ازیں، اپنے خطبہء استقبالیہ میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) کلیم شوکت نے طلباء کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے بحریہ یونیورسٹی کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے دوران بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے حکومت نے منظوری دے دی ہے۔

تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، یونیورسٹی کے عہدیداران اور فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے والدین نے شرکت کی۔