Friday, May 17, 2024

عدم اعتماد ناکام ہونے پر جو میں کروں گا، اس کیلئے بھی تیار ہو؟ وزیراعظم

عدم اعتماد ناکام ہونے پر جو میں کروں گا، اس کیلئے بھی تیار ہو؟ وزیراعظم
March 6, 2022 ویب ڈیسک

میلسی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے عدم اعتماد ناکام ہونے پر جو میں کروں گا، اس کیلئے بھی تیار ہو؟

اتوار کے میلسی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا اپوزیشن والے جو مرضی کر لیں، مقابلے کیلئے تیار ہیں، ڈاکوؤں کا گلدستہ کرپشن بچانے کیلئے عدم اعتماد لا رہا ہے۔ بھگوڑے کا پیسہ لندن سے واپس لے آیا تو پٹرول ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا۔

وزیراعظم نے کہا چوروں کے ٹولے نے ملک لوٹا اور ہم نے آکر سنبھالا۔ بھگوڑا اور بیٹی فوج کو برا بھلا کہتے ہیں۔ شہباز شریف بوٹ پالش کرتا ہے، 16 ارب روپے آپ کے نوکروں کے اکاؤنٹ میں کہاں سے آیا؟ ن لیگ والوں سے بھی کہتا ہوں شہبازشریف سے یہ سوال کریں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ کون لوگ ہیں جو عدم اعتماد کی تحریک چلا رہے ہیں؟ مجرم نمبر ون نوازشریف اداکاری اور منتیں کرکے باہر چلا گیا، اٹک جیل میں ٹشو کے ڈبے نوازشریف کے آنسو پونچھتے پونچھتے ختم ہوگئے۔ ن لیگ والو میری بات پر تھوڑا غور کرو، کیا کبھی گیدڑ بھی لیڈر بن سکتا ہے؟ کبھی دنیا میں سنا ہے کہ کوئی لیڈر دم دبا کر بھاگ جائے؟ یہ دوسری دفعہ ملک سے بھاگا ہے۔

وزیراعظم بولے کہ زرداری سینما کے ٹکٹ بلیک کرتا تھا، کرپشن کی رقم سے برطانیہ میں مہنگا سرے محل خریدا، زرداری کے دور میں ملک میں 400 ڈرون حملے کیے گئے، تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا جو ملک جنگ میں کسی کا ساتھ دے رہا ہو وہی اس پر ڈرون حملے کرے۔ ان ڈاکوؤں کا قصور ہے، کیوں ڈرون حملوں پر ان سے سوال کیوں نہیں کیا؟ ان کو کوئی شرم نہیں آئی کہ ہمارے ہی پاکستانی مررہے تھے، ڈرون حملوں پر کیوں یہ دونوں نہیں بولے؟۔ یہ دونوں ڈاکو اس لیے نہیں بول رہے تھے کیونکہ انہوں نے پاکستان سے پیسہ لوٹ کر باہر کے ملکوں میں رکھا ہوا تھا، ان کو ڈر تھا کہ ان کی پراپرٹی ضبط کرلیں گے۔  فضلو کے ساتھی ڈاکوؤں کے ہوتے یہودیوں کو سازش کرنے کی کیا ضرورت ہے؟۔

اُنہوں نے کہا کہ مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیٹو کے 10 فیصد بھی لوگ نہیں مرے، یورپی یونین سے پوچھتا ہوں آپ نے شکریہ ادا کرنے کے بجائے آپ میں کچھ ایسے لوگ بھی تھے جنہوں نے افغانستان میں جنگ ہارنے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت نے جب کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس ختم کیا اس وقت کیا آپ نے بھارت سے رابطہ توڑا، تجارت ختم کی؟ کیا ہم غلام ہیں کہ آپ جو کہیں ہم کرلیں۔

وزیراعظم نے جنوبی پنجاب صوبہ پر قرارداد لانے کا اعلان کردیا۔ کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد پیش کردیں گے۔ دیکھتے ہیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبہ کی حمایت کرتے ہیں کہ نہیں۔ عثمان بزدار نے طویل اعلانات کیے ہیں، یہ تمام چیزیں کچھ اس بار کچھ اگلے بجٹ میں پوری ہوں گی۔

عمران خان بولے کہ لگتا ہے جو کام 74 سال میں بھی نہیں ہوئے وہ آپ ایک سال میں کروانا چاہتے ہیں، آپ کو آج خوشخبری سناتا ہوں۔ پہلی خوشخبری یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے ہم جنوبی پنجاب کے لیے 500 ارب روپے مزید خرچ کریں گے۔

عمران خان بولے آج تک کسی کے سامنے نہیں جھکا، جب تک میرے اندر خون ہے قوم کو بھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔ یورپی یونین نے خط لکھا روس کے خلاف ووٹ دیں، یورپی یونین سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے بھارت کو بھی یہ خط لکھا تھا؟

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے پاس ہمارے میں جتنا پیسہ آیا کبھی تاریخ میں نہیں آیا، دنیا کے مقابلے میں ہم پاکستان میں 5 گنا کم قیمت پرکھاد دے رہے ہیں۔ کسان کو مکئی کی فصل میں 40 ہزار سے 50 ہزار زیادہ فائدہ ہوا، ہمارے دور میں گندم کی امدادی رقم میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا، کسان کو کپاس کی قیمت بھی ہمارے دور میں دوگنا مل رہی ہے، کسان کو 70 ہزار سے 80 ہزار روپے کپاس کی فصل پر زیادہ فائدہ ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا دوسروں کے سامنے جھکنے والی قوم کبھی عظیم قوم نہیں بنتی، جو اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہوتے وہ ملک کمزور ہوجاتے ہیں۔ ہم کسی سے دشمنی نہیں چاہتے سب سے دوستی چاہتے ہیں۔ ہماری روس سے بھی دوستی ہے امریکا سے بھی دوستی ہے، ہماری چین سے بھی دوستی ہے، ہم کسی کیمپ کا حصہ نہیں، ہم نیوٹرل ہیں۔ ہم چاہتے ہیں یوکرین میں جاری جنگ کا خاتمہ ہو اس کا پوری دنیا کو نقصان ہورہا ہے۔