Saturday, September 21, 2024

بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، حنا ربانی کھر

بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، حنا ربانی کھر
December 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرمملکت خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی پر ایک اور "جامع ڈوزیئر" دنیا کے سامنے رکھ دیا۔ وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا معاملہ اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر اٹھائیں گے، ہم دنیا کو بھارت کی اصلیت دکھانا چاہتے ہیں، سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس اور کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھی بھارتی ایجنسی را ملوث ہے، ملزمان بھارت کی پشت پناہی میں ہیں۔

حنا ربانی کھر نے کہا عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بھارت کا احتساب کریں ، عالمی اداروں کو دہشت گردی کی معاونت ، سہولت کاری کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ کیسے کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہورہی ہے ہم یہ ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت دیگر عالمی فورمزپر شیئرکریں گے۔ دہشت گردوں کے انٹرپول کے ذریعے ریڈوارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔