Saturday, May 18, 2024

بھارت پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بلاول بھٹو

بھارت پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بلاول بھٹو
December 16, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - وزیر خارجہ بلاول بھٹو کہتے ہیں بھارت پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔

جمعہ کو سانحہ اے پی ایس پر اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کی جانب سے منعقد تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اے پی ایس حملے میں اسکول کے 132 بچے اور 8 اساتذہ شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

بلاول بھٹو بولے کہ اے پی ایس پر دہشت گرد حملے کا مقصد بچوں کو مارنا اور پاکستانی عوام کا حوصلہ پست کرنا تھا، لیکن بچوں کے قتل عام کے صدمے سے قوم دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے متحرک ہوئی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ٹی ٹی پی اور دوسرے دہشت گرد گروہوں کو سرحد پار سے "محفوظ پناہ گاہیں" ملی ہیں۔ ہماری سرحدوں کو ٹی ٹی پی اور اس سے منسلک دہشت گرد گروپوں سے پاک کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کیے گئے۔ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کامیاب رہے اور ہماری سرزمین دہشت گردوں سے پاک کر دی گئی۔ ہمارے 80 ہزار شہری اور فوجی شہید یا زخمی ہوئے، ہماری معیشت کو 120 بلین ڈالر کا نقصان پہنچا۔