ممبئی (92 نیوز) - بھارت کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دیدی۔
کیویز کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوگیا، ممبئی کے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں بھارت کا پہلے بیٹنگ اور پھر باؤلنگ میں پاور شو، نیوزی لینڈ کو 70 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ورلڈ کپ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا، بھارتی بیٹرز نے کیوی باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 397 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
ویرات کوہلی 113 گیندوں پر 117 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ شریاس ائیر نے بھی دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 70 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے۔ شبمن گل 66 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، روہت شرما نے 29 گیندوں پر 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی 10 اوور میں 100 رنز دے کر مہنگے ترین بالر ثابت ہوئے، ٹرینٹ بولٹ کو 86 رنز کی مار پڑی۔
نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز صرف 39 رنز پر پویلین لوٹ گئے، ڈیرل مچل اور کین ولیمسن نے بھارتی باؤلرز کیخلاف بھرپور مزاحمت کی، دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کیلئے 181 رنز کی شراکت داری قائم کی، ڈیرل مچل نے 7 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 134 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔