Sunday, September 8, 2024

بھارت نے دریائے ستلج میں مزید 2 لاکھ 70 ہزارکیوسک پانی چھوڑ دیا، درجنوں دیہات زیرِآب

بھارت نے دریائے ستلج میں مزید 2 لاکھ 70 ہزارکیوسک پانی چھوڑ دیا، درجنوں دیہات زیرِآب
August 18, 2023 ویب ڈیسک

قصور (92 نیوز) - بھارت نے دریائے ستلج میں مزید 2 لاکھ 70 ہزارکیوسک پانی چھوڑ دیا، ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 22 ہزار کیوسک تک جا پہنچا ہے، درجنوں دیہات ڈوب گئے، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ہریکے ہیڈ سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے بھارت کے حسینی والا فیروز پور ہیڈ پر 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک پہنچ گئی۔ دیائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ سے تجاوز کرگئی۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ2 لاکھ 22 ہزار کیوسک تک جا پہنچا ہے۔

سیلابی پانی سے کمال پورہ، عزیزہ آباد اور کمال پورہ ڈوب گئے، گاؤں آلاکے اور جمعے والا کاحفاظتی بند ٹوٹ گیا، درجنوں دیہات کا زمینی راستہ منقطع ، ریسکیوکی کشتیاں کم پڑگئیں۔ ہرطرف پانی ہی پانی کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہوگئے۔

عارف والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی سطح بڑھنے لگی، سیلاب کی تباہ کاریوں سےمتاثرہ درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے۔ خطرناک سیلاب کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپس دوبارہ فعال کر دیئے گئے۔

دریائے ستلج کی صورتحال کے پیش نظرریسکیوون ون ٹوٹو نے قصور، اوکاڑہ، پاک پتن اور بہاولنگر میں الرٹ جاری کردیا۔ وارننگ کے پیش نظر اضافی ریسکیو ٹیمیں اور امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے۔