Tuesday, April 16, 2024

بھارت میں زیرحراست پاکستانی خاتون سمیرا کی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کردیا، شیخ رشید

بھارت میں زیرحراست پاکستانی خاتون سمیرا کی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کردیا، شیخ رشید
February 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزارت داخلہ نے بھارت میں زیرحراست پاکستانی خاتون سمیرا کو شہریت کا تصدیق نامہ جاری کردیا۔

جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو میں وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مراسلہ وزارت خارجہ کو بھجوا دیا، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سمیرا کو وطن واپسی کے لیے سفری دستاویز جاری کرے گا، سمیرا کے ہمراہ ان کی چار سالہ بیٹی بھی پاکستان آئے گی۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے عراق کے سفیر حامد عباس لفطا نے ملاقات کی، پاک عراق دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اُمور پر بات چیت کی۔

پاکستان اور عراق کے درمیان سیاحوں بالخصوص زائرین کے لئے سہولیات پر تبادلہ خیال، ویزا سہولیات اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔

عراقی سفیر حامد عباس لفطا نے کہا پاکستان اورعراق کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اورعراق کے درمیان تعلقات تاریخی، اسلامی بھائی چارے اورباہمی اعتماد پر قائم ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا پاکستان عراق سمیت پوری دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کاروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان خود دہشت گردی سے متاثر ملک ہے؛ 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ پاکستان عراق جانے والے زائرین کے لئے سفری سہولیات میں اضافہ کریگا۔