Thursday, April 25, 2024

بھارت ملک میں جمہوریت کے بجائے ہندو انتہاپسند سوچ کو فروغ دے رہا ہے، فرخ حبیب

بھارت ملک میں جمہوریت کے بجائے ہندو انتہاپسند سوچ کو فروغ دے رہا ہے، فرخ حبیب
March 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اطلاعات ونشریات کے وزیرِمملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بھارت میں مودی حکومت جمہوریت کے فروغ کے بجائے ملک میں انتہاپسند ہندو ذہنیت کو ہوا دے رہی ہے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں آر ایس ایس کے زیراثر مودی حکومت ہندوتوا ایجنڈے کی پیروی کرتے ہوئے مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے خلاف مظالم کا ارتکاب کررہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بابری مسجد کو شہید کرنا، حجاب پرپابندی اور انیس فیصد سے زائد اقلیتوں پرمظالم بھارتی انتہاپسندی کے ناقابل تردید ثبوت ہیں۔ وزیرممکت نے کہا کہ حجاب کے مسئلے پر اہم بھارتی رہنمائوں نے بھی اقلیتوں کو غیر محفوظ قراردیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ بھارت جمہوریت کی آڑ میں سازشوں کا گڑھ ہے اور اس کا بڑا سیکولر ملک ہونے کا دعوی حقائق کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پانچویں نسل کی مصنوعی جنگ کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے اورسوشل میڈیا کے جعلی پلیٹ فارم کے استعمال سے جعلی خبریں پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے یورپی یونین کی ڈس انفو لیب نے بھارت کی 750 جعلی ویب سائٹس کو بے نقاب کیا ہے۔

فرخ حبیب اطلاعات نے کہا کہ دوسری جانب پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے قیام کیلئے مسلسل کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جارہا ہے۔