Thursday, April 18, 2024

بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کا یوم سیاہ

بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کا یوم سیاہ
January 26, 2023 ویب ڈیسک

سری نگر (92 نیوز) – پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمریوں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں۔ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنے گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرا کر بھارتی یوم جمہوریہ کو مسترد کردیا۔

کشمیریوں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یکسر مسترد کردیا۔ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔

مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنے گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرا دئیے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرچسپاں کیے گئے جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی حیثیت مقبوضہ علاقے میں ایک غاصب کے علاوہ کچھ نہیں ہے اور وہ یہاں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں رکھتا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پوسٹر جموں کشمیر لبریشن الائنس نے سرینگر اور دیگر مقامات پر دیواروں، کھمبوں اور ستونوں پر چسپاں کیے ہیں۔میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ دکانیں، کاروباری مراکز اورتعلیمی ادارے بند رہے۔ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابررہی۔

بھارت نے یوم سیاہ پر احتجاجی ریلیوں کو روکنے کے لیے مقبوضہ وادی میں اضافی فوجی دستے تعینات کئے رکھے۔ مختلف گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کردیا گیا۔ متعدد علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔

کشمیری عوام نے بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں کے محاصرے اور ناکہ بندی کے باوجود قابض بھارت کے مظالم کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں۔