Friday, April 26, 2024

بھارت 5 سال کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والا ملک بن گیا

بھارت 5 سال کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والا ملک بن گیا
March 17, 2023 ویب ڈیسک

سولنا (92 نیوز) - بھارت پر جنگی جنون سوار ،عوام کی فلاح پر خرچ کرنے کے بجائے تباہی کا سامان جمع کرنے میں مصروف ہے، 5 سال کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ ہتھیار حاصل کرنے والا ملک بن گیا۔

دنیا بھر میں ہتھیاروں کی خرید و فروخت کی تحقیق کرنے والے ادارے سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (سیپری) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارت کی موجودہ حکومت فوجی طاقت بننے کی کوشش کررہی اور بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی اتنی زیادہ مانگ کی وجہ پاکستان اور چین سے سرحدی کشیدگی ہے۔ مئی 2020 میں وادی گلوان میں جھڑپوں کے بعد بھارت کے چین کیساتھ سرحدوں پر بڑی تعداد میں فوجی تعینات اور ہتھیار نصب ہیں۔

روس 2013 سے 2022 تک بھارت کو ہتھیار فراہم کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اگرچہ اب یہ حصہ 64 فیصد سے کم ہو کر 45 فیصد رہ گیا ہے۔ بھارتی جونیئر وزیر دفاع، اجے بھٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برس میں بھارت نے امریکا، روس، فرانس، اسرائیل اور سپین جیسے ممالک سے تقر یباً 32 ارب ڈالر کے جنگی جہاز، ہیلی کاپٹر، میزائل، راکٹ، سالٹ رائفلز اور گولہ بارود خریدے۔

بھارتی حکومت نے رواں برس کے دفاعی بجٹ میں تقر یباً 12 ارب ڈالر ملک میں بننے والے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے مختص کیے ہیں۔اس کے علاوہ بھارت اپنی فضائیہ کے لیے 114 جنگی طیارے خریدنے کی تیاری کر رہا ہے۔ طیارہ بردار جہاز ’آئی این ایس وکرانت‘ کے لیے بحریہ کو بھی 26 طیاروں کی ضرورت ہے۔ جن کی مجموعی مالیت تقریباً 45 ارب ڈالر کے قریب بنتی ہے۔

دوسری جانب 2018 سے 2022 کے دوران پاکستان کی ہتھیاروں کی خریداری میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ہتھیاروں کی عالمی فروخت میں پاکستان کا حصہ 3.7 فیصد ہے جبکہ پاکستان کے 77 فیصد جنگی ساز وسامان کی سپلائی چین سے ہوتی ہے۔