Wednesday, April 24, 2024

بغاوت پر اکسانے کا کیس، جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

بغاوت پر اکسانے کا کیس، جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
August 24, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - بغاوت پر اکسانے کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما شہباز گل کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی گئی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے مؤقف اپنایا تھا کہ شہباز گل سے تفتیش میں کچھ پیشرفت ہوئی لیکن اب بھی تفتیش باقی ہے۔ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے۔

شہباز گل کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا۔ شہباز گل کمرہ عدالت میں مسکراتے ہوئے داخل ہوئے۔

اسپیشل پراسیکوٹر راجہ رضوان عباسی نے پولیس کی رپورٹ اور میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی۔ پولیس اور اسپیشل پراسیکیوٹر نے شہباز گل کے مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے جج ملک امان نے مسترد کرتے ہوئے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

دوران سماعت شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے پولیس کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ‏شہباز گل پر دوران حراست تشدد کیا گیا اور پھر اسے چھپایا گیا۔ انہیں الٹا کر کے برہنہ کر کے مارا گیا۔