Thursday, April 25, 2024

بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور

بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور
September 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

بغاوت پر اکسانے کے الزام میں شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کی۔ دوران سماعت شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے شہباز گل کی گفتگو کا ٹرانسکرپٹ پڑھا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بدنیتی اور سیاسی بنیادوں پر یہ کیس بنایا گیا۔ شہباز گل حکومت کے بہت نقاد تھے۔ شہباز گل کی گفتگو میں مسلح افواج سے متعلق کہیں نامناسب الفاظ استعمال نہیں کئے گئے۔

چیف جسٹس نے وکیل کو سیاسی بات کرنے سے روکتے ہوئے قانونی دلائل دینے کی ہدایت کی اور ریمارکس دیئے کہ شہباز گل کا بیان غیرذمہ دارانہ، غیرمناسب اور ہتک آمیز تھا جس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ لوگوں کی عزتیں نہیں اچھالنی چاہئیں۔

چیف جسٹس نے سپیشل پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا تفتیش میں سامنے آیا کہ شہباز گل نے کسی فوجی سے بغاوت کے لیے رابطہ کیا؟ سپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شہباز گل نے بات ایک چینل پر کہی تھی۔ وہ چینل ملک کا ہر دوسرا شہری دیکھ رہا تھا۔ مسلح افواج میں بھی چینل دیکھا جاتا ہے۔ یہ بغاوت پر اکسانے کا الزام ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شہباز گل نے کسی ایک کو کہا ہو کہ بغاوت کرو تو بتائیں؟ قانون میں جو لکھا ہے اس کے مطابق بتائیں کیسے یہ الزام بنتا ہے؟ جب تک ٹھوس مواد نہ ہو کسی کو ضمانت سے محروم نہیں کرنا چاہیے۔ کل کو وہی شخص بے قصور نکلا تو اس کا کوئی ازالہ نہیں ہو سکتا۔ آپ کارروائی ضرور کریں لیکن ٹھوس مواد تو سامنے لائیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز گل کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔