Sunday, September 8, 2024

بے نظیر، نواز شریف اور عمران خان کو وزیراعظم میں نے بنوایا، گورنر چودھری سرور

بے نظیر، نواز شریف اور عمران خان کو وزیراعظم میں نے بنوایا، گورنر چودھری سرور
January 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا ہے بے نظیر، نواز شریف اور عمران خان کو وزیر اعظم میں نے بنوایا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یورپ بھی میری سیاسی بصیرت کا قائل ہے، پیپلزپارٹی پنجاب میں تحریک انصاف کو نقصان پہنچارہی ہے۔ پارٹی کو پہلے بتا دیا تھا کہ کنٹونمنٹ الیکشن اور خانیوال ضمنی الیکشن ہم ہاریں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا اگر شہباز شریف سے لڑائی نہ ہوتی تو ن لیگ نہ چھوڑتا۔ پاکستان نظام ناکام نہیں ہوا، لوگ ناکام ہوئے، جی ایس ٹی پلس ناکام ہوجاتا تو ہماری مشکلات میں اضافہ ہوجاتا۔ ہمیں بین الاقوامی دنیا کو مطمئن کرنا بے انتہا ضروری ہے۔

چودھری سرور مزید بولے کہ انڈین لابی کا مقابلہ کرنا بے حد ضروری ہے۔ ہمارے انوسٹی گیشن کے نظام ٹھیک ہوئے بغیر کچھ ٹھیک نہیں ہوسکتا۔ جب ریاست کمزور ہوجائے اور لوگ مضبوط ہوجائیں تو ملک کے ایسے حالات ہوتے ہیں۔ حالات بہتر کرنے کے لئے وقت چاہیے ہوتا ہے، ہمیں بھی پھر مزید پانچ سال دے دیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے۔ مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں صرف برطانیہ میں سچ بولتا ہوں۔ میں پاکستان میں بھی جھوٹ نہیں بولتا۔