Thursday, April 25, 2024

بے مثال دھنوں کے خالق نثار بزمی کو مداحوں سے بچھڑے 16 برس بیت گئے

بے مثال دھنوں کے خالق نثار بزمی کو مداحوں سے بچھڑے 16 برس بیت گئے
March 22, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - بے شمار اور بے مثال دھنوں کے خالق نثار بزمی کو مداحوں سے بچھڑے 16 برس بیت گئے۔

نثار بزمی یکم دسمبر 1924ء ہندوستان کے صوبہ مہاراشٹر کے ضلع خان دیش میں پیدا ہوئے۔ ان کااصل نام سید نثار احمد تھا، انہوں آل انڈیا ریڈیو سے فنی کیرئیرکا آغاز کیا۔

سال 1946ء میں فلم جمناپار کے لئے میوزک کمپوز کیا، چند ہی برسوں میں ہندوستان کی 40 فلموں کی موسیقی کمپوز کی۔

قیام پاکستان کے چند برس بعد وہ ہندوستان سے پاکستان منتقل ہوئے اور پاکستان کی فلمی موسیقی کو نئی جہت بخشی۔

فلم ’’لاکھوں میں ایک‘‘ کے مشہور گیت ’چلواچھا ہوا تم بھول گئے‘ کی دھن بھی انہوں نے کمپوز کی تھی۔ ’رنجش ہی سہی دل ہی دکھانے کے لئےآ‘، ’اے بہارو گواہ رہنا‘ جیسے مشہور گانوں کی دھنیں بھی نثار بزمی نے ترتیب دیں۔

’اک حسن کی دیوی سے مجھے پیار ہوا تھا‘، ’کہتی ہے میری نظر شکریہ‘ کی دھنوں کے خالق بھی نثار بزمی ہیں۔

صدرِمملکت نے 1994ء میں نثار بزمی کو حکومت پاکستان نے پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران پانچ مرتبہ نگار ایوارڈ جیتا۔

نثاربزمی بائیس مارچ دوہزار سات کو خالق حقیقی سےجاملے۔ ان کے چاہنے والے آج بھی ان کی ترتیب دی گئی دھنیں سن کر انہیں یاد کرتے ہیں۔