Saturday, July 27, 2024

امپورٹڈ حکومت کے خلاف جلد کال دینے والا ہوں، عمران خان

امپورٹڈ حکومت کے خلاف جلد کال دینے والا ہوں، عمران خان
October 14, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) – چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے امپورٹڈ حکومت کے خلاف جلد کال دینے والا ہوں، سب کو میرے ساتھ نکلنا ہوگا۔

کراچی میں وکلا اور بلدیاتی امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں زرداری اور پنجاب میں شریف مافیا کا خاتمہ قریب ہے، بڑے مجرموں کو این آر او ٹو دے دیا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔ حقیقی آزادی کے لیے وکلا ساتھ کھڑے ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا عوام شعور رکھتے ہیں، عمران خان کراچی لیڈر شپ رکھتا تھا، اب میں چاہتا ہوں پھر ایک لیڈر شپ آئے۔ اس بار وفاق اور سندھ  دونوں میں حکومت پی ٹی آئی کی آئے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ شہرِقائد کے جو حالات ہیں اس کی ذمہ دار یہ کرپٹ مافیا ہے، یہ نہ ہوتی تو کراچی ترقی کے سفر میں دبئی کو پیچھے چھوڑ دیتا۔ یہ شہر پاکستان کا فنانشل کیپیٹل ہے، یہاں کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان میں انقلاب آرہا ہے اسے کوئی نہیں روک سکتا۔

اس سے قبل اوورسیز پاکستانیوں کے نام پیغام میں عمران خان نے کہا سولہ اکتوبر کے ضمنی انتخابات بہت اہم ہیں۔ یہ الیکشن حقیقی آزادی یا غلامی میں رہنے کا فیصلہ کریں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی حلقوں میں اپنے رشتہ دار اور دوستوں کو ووٹ ڈالنے کے لئے متحرک کریں۔