Friday, March 29, 2024

عبدالقدوس بزنجو کا اپنے خلاف پیش تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کا اعلان

عبدالقدوس بزنجو کا اپنے خلاف پیش تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کا اعلان
May 19, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اپنے خلاف پیش تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں عبدالقدوس بزنجو بولے تحریک عدم اعتماد سیاست کا حصہ ہے۔ ہم بھی اسکا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔ تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جس کے خلاف تحریک پیش ہو وہ یہ کہے کہ اسکے پاس نمبر پورے نہیں ہیں۔ گلے شکوے تھے تو اسے پہلے ختم کیا جاتا۔ تحفظات پر کابینہ ارکان کو ہمارے نکالنے سے پہلے ہی نکل جانا چاہیئے تھا۔ ہمیں عوامی مسائل کو حل کرنا تھا نہ کہ ہم اپنے ہی مسائل میں الجھے رہتے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا بجٹ قریب ہے۔ عوامی مسائل کو ترجیحات بنانا چاہیئے تھا۔ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والوں میں سے کسی نے اپنے تحفظات سے آگاہ نہیں کیا ۔ اگر انکی خواہش ہے کہ وہ اقتدار میں آکر خود بجٹ پیش کریں تو وہ کوشش کر لیں۔ ہماری یہ کوشش ہے کہ کسی بھی تحریک کو طاقت کے زور پر نہ جیتا جائے۔ تحریک کامیاب ہوتی ہے یا ناکام ہم بلوچستان کی روایات کے مطابق ساتھ ہی رہینگے۔

وزیراعلی بلوچستان بولے ابھی ہماری حکومت شروع ہوئی تھی اس لئے کچھ مسائل تھے۔ میں نے پارٹی کے اختلافات کو ختم کرنے کے لئے اپنی ہمت کے مطابق کوشش کی۔ سردار یار محمد رند ہمارے بڑے ہیں ان سے احترام کا رشتہ رہے گا ۔ آج اگر سردار یار محمد رند جام کمال کے ساتھ ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں ۔ ہم نے کبھی وفاق کی سیاست میں حصے دار بننے کی کوشش نہیں کی۔ چاہتے تھے کہ معاملات بلوچستان میں ہی حل ہوں۔ اگر کوئی معاہدہ ہوا تھا مرکز میں پی ڈی ایم کو سپورٹ کرنے کا تو جام صاحب نے کیا ہو گا ۔ بلوچستان عوامی پارٹی میں جام کمال بھی ہیں اور ہم بھی ہیں۔ اس وقت اپنی پارٹی کا پارلیمانی لیڈر ہوں۔