Saturday, July 27, 2024

بارکھان واقعے میں نیا موڑ، مردہ قرار دی جانے والی گراں ناز زندہ بازیاب

بارکھان واقعے میں نیا موڑ، مردہ قرار دی جانے والی گراں ناز زندہ بازیاب
February 23, 2023 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بارکھان واقعے میں نیا موڑ آگیا، مردہ قرار دی جانے والی گراں ناز زندہ بازیاب ہوگئی۔

لیویز حکام کا کہنا ہے بارکھان بارڈر، ڈیرہ بگٹی اور دکی میں کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون کو بیٹی اور چار بیٹوں سمیت بازیاب کرایا۔ بازیاب فیملی کی تصاویر بھی جاری کردی گئیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق 2 بیٹے ڈیرہ بگٹی کے علاقے بارکھان بارڈر ایریا سے بازیاب کرائے گئے۔ ایک بیٹے کو دکی کے علاقے نانا صاحب سے بازیاب کروایا گیا۔ خاتون گراں ناز، بیٹی اور ایک بیٹے کو پہلے بارکھان سے بازیاب کروایا گیا۔

خان محمد مری نے اہلیہ اور چار بچے بازیاب ہونے کی تصدیق کردی، بولے کنویں سے ملنے والی دو لاشیں ان کے بیٹوں کی ہیں، جنھیں سردار عبدالرحمن کھیتران نے مارا ہے۔

بارکھان میں قتل خاتون سمیت تینوں لاشوں کا پوسٹمارٹم مکمل کر لیا گیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کہتی ہیں خاتون کی لاش گراں ناز کی نہیں بلکہ نوجوان لڑکی کی ہے۔ 17 سے 18 سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ لڑکی کو زیادتی اور تشدد کے بعد سر میں 3 گولیاں ماری گئیں۔

دوسری جانب واقعے میں ملوث صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران کو آج عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ تین افراد کے قتل کے خلاف کوئٹہ میں لاشیں رکھ کر دھرنا جاری ہے۔