Saturday, May 18, 2024

بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی 74 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی 74 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
September 11, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - اتحاد، تنظیم، یقین محکم کے سنہری اصول پر عمل پیرا ہوکر مملکت خداداد پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ابھارنے والے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 74 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔

بہترین منتظم، عزم واستقلال کے پیکر، غیر متزلزل قوت ارادی، ولولہ انگیز لیڈر مسلمانان ہند کے دلوں کی دھڑکن قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پچیس دسمبر 1876ء کو کراچی میں آنکھ کھولی۔

نامور وکیل اور سیاستدان محمد علی جناحؒ نے 1913ء میں الگ وطن کے حصول کیلئے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

محمد علی جناحؒ نے تند و تیز بادِ مخالف، نکتہ چینی کی آندھی کا نہ صرف سامنا کیا بلکہ ناموافق حالات کے باوجود اپنے نصب العین کیلئے آگے بڑھتے رہے۔

قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے برصغیر کے نقشے پر 14 اگست 1947ء کو مملکتِ خداداد پاکستان معرض وجود میں آیا۔

برصفیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کی خاطر انہوں نے اپنی صحت کی بھی پروا نہ کی۔ قیام پاکستان کے صرف ایک سال بعد ہی گیارہ ستمبر 1948ء کو اپنے کروڑوں چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔

قائداعظم نے جس عزم و استقلال کے ساتھ اپنا مقصد حاصل کیا تاریخ میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔

وفات کے 74 برس بعد بھی ہزاروں افراد ان کے مزار پر حاضر ہوکر بابائے قوم سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔