Wednesday, May 1, 2024

بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے تباہ کاریاں، مزید سات افراد ہلاک

بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے تباہ کاریاں، مزید سات افراد ہلاک
July 9, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے تباہ کاریاں جاری ہیں۔اب تک مزید سات افراد ہلاک ہو گئے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ بلوچستان کے ضلع قلات، خضدار، آوران، تربت، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، لسبیلہ، کوژک ٹاپ، چمن، کوہلو، ژوب، ہرنائی، سبی، کچھی اور لورالائی سمیت دیگر اضلاع میں  وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تباہ کن بارشوں کے باعث متاثرہ اضلاع میں پی ڈی ایم اے پاک فوج، ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کی جانب سے ریلیف اور ریسکیوآپریشن جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران چھتیں گرنے اور سیلابی پانی میں بہہ جانے سے ابتک 57 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ سیلابی پانی سے قومی شاہراہوں سمیت فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ 12 ڈیمز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ اضلاع میں ابتک 4ہزار 165ٹینٹس 25سو کمبل،743سولر لائٹس،34سو زائدخشک خوراک سمیت دیگرامدادی سامان پہنچا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔