بلوچستان کے علاقے زمران میں پاروم کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (92 نیوز) - سیکورٹی فورسز کی بڑی کارروائی دیکھنے میں آئی۔ بلوچستان کے علاقے زمران میں پاروم کے قریب آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
وسطی مکران کے پہاڑی سلسلے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔
اعلامیے کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے علاوہ پنجگور اور گردونواح میں فورسز کے قافلوں پر آئی ای ڈی حملوں میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔