Thursday, April 25, 2024

بلوچستان حکومت اور بیرک کمپنی کے درمیان ریکو ڈک معاہدے پر دستخط

بلوچستان حکومت اور بیرک کمپنی کے درمیان ریکو ڈک معاہدے پر دستخط
March 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان کیلئے بڑا دن، بلوچستان حکومت اور گولڈ مارکیٹ کی مشہور کمپنی بیرک کے درمیان ریکو ڈک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو مبارک باد دی۔

اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور بیرک گولڈ کمپنی کے صدر مسٹر مارک برسٹو کی ریکو ڈک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

وزیر اعظم عمران نے بیرک گولڈ سے کامیاب معاہدے پر بلوچستان حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت بلوچستان میں 10 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ معاہدے سے 8 ہزار ملازمتیں پیدا ہونگی اور ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ نئے معاہدہ کے تحت کینیڈین کمپنی 50 فیصد، وفاقی اور بلوچستان حکومت 25-25 فیصد شیئر ہولڈر ہوں گی لیکن وفاقی حکومت نے اپنا حصہ بلوچستان کو دیا ہے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا۔ ہم نے ساڑھے چھ ارب ڈالر کے جرمانے کو اپرچونیٹی میں تبدیل کیا۔ بولے کہ معاہدے کے بعد دوسری بڑی کمپنیاں بھی پاکستان آئیں گی۔