Sunday, September 8, 2024

بلوچستان بھر میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد

بلوچستان بھر میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد
March 23, 2022 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - بلوچستان بھر میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز نے پرچم کشائی کی، پولیس اور لیویزکے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔

شاد رہے پاکستان، یوم پاکستان کی مناسبت سے بلوچستان بھر سے بھی پاکستان زندہ باد کی صدائیں بلند ہوئیں۔ جعفر آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی، جس میں ضلعی انتظامیہ شریک تھی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

ڈیرہ بگٹی میں ایس پی آفس میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ایس پی ڈیرہ بگٹی اسرا ر احمد نے پرچم کشائی کی۔ سرحدی شہر چمن میں ڈپٹی کمشنر جمعہ داد مندوخیل نے پرچم کشائی کی تقریب میں سکول کے طلباء بھی شریک تھے۔

کوہلو میں ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا اس موقع پر لیویز کے دستے نے سلامی پیش کی۔ گوادر میں بھی ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ڈی سی گوادر کیپٹن جمیل احمد بلوچ نے پرچم کشائی کی۔

قلات میں ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے اعلی افسران پرچم کشائی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں 23 مارچ کے حوالے سے فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس کا فائنل میچ دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ میچ کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔