Wednesday, May 8, 2024

بابراعظم نے کرکٹر آف دی ایئر کی سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی جیت لی

بابراعظم نے کرکٹر آف دی ایئر کی سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی جیت لی
January 26, 2023 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) – قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک ہی دن میں دو بڑے اعزاز حاصل کر لئے، بابر اعظم نے کرکٹر آف دی ایئر کی سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی جیت لی۔ بابراعظم کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر بھی قرار دے دیا گیا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پر ایوارڈز کی برسات ہوگئی، بابر اعظم نے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی جیت لی۔ انگلینڈ کے بین اسٹوکس، زمبابوے کے سکندر رضا اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی بھی ایوارڈ کی دوڑ میں شامل تھے۔

آئی سی سی کی جانب سے سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی سال بھر میں تمام فارمیٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو دی جاتی ہے۔ بابراعظم یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ گزشتہ سال یہ اعزاز شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیا تھا۔

بابراعظم نے 2022 میں تمام فارمیٹ کے 44 میچوں میں 8 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی مدد سے 54.12 کی اوسط سے 2598 رنز بنائے جبکہ وہ کیلنڈر ایئر میں دو ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے واحد کھلاڑی تھے۔

آئی سی سی نے بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا حصہ بھی بنایا جبکہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان مقرر کرنے کے بعد انہیں ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر بھی قرار دے دیا۔

بابر اعظم جولائی 2021 سے 50 اوورز کے فارمیٹ کی پلیئر رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔ بابر نے 2022 میں کھیلے گئے 9 میچز میں سے 5 میں نصف سنچریاں جبکہ 3 میں سنچریاں اسکور کیں۔ انہوں نے ون ڈے میں 84.87 کی شاندار اوسط سے 679 رنز کے ساتھ سال کا اختتام کیا۔