باب دوستی کے بعد پاک افغان خرلاچی سرحد کو بھی کھول دیا گیا
کرم (92 نیوز) - باب دوستی کے بعد پاک افغان خرلاچی سرحد کو بھی کھول دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر واصل خٹک کا کہنا ہے ضلع کرم کے خرلاچی بارڈر پر دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت بحال ہوگئی۔ سرحد 14 نومبر کو سرحد پار سے فائرنگ کے بعد بند کی گئی تھی۔ 19 نومبر کو پاکستانی اراضی پر آفغان حکام کے سڑک بنانے سے حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔
اے سی امیر نواز کا کہنا ہے کہ پاک آفغان سرحد جرگہ کی کوششوں سے کھول دی گئی، جرگہ میں دونوں ممالک کے عمائدین نے شرکت کی۔
اس سے قبل 21 نومبر کو چمن میں پاک افغان سرحد کو ایک ہفتہ بند رہنے کے بعد ہر قسم کی آمدورفت کیلئے کھولا گیا تھا۔ سرحد کو دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کے بعد کھولا گیا، چمن بارڈر کو 13 نومبر کو پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد احتجاجاٌ بند کیا گیا تھا۔
افغان حکام نے واقعے میں ملوث شخص کو گرفتار کرنے اور قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ افغان حکام کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی دونوں ممالک کے بھائی چارے کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔