Friday, April 19, 2024

اعظم سواتی کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جعلی قرار

اعظم سواتی کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جعلی قرار
November 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سینیٹر اعظم سواتی کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جعلی قرار دیدی گئی۔ ایف آئی اے حکام نے سینٹ کی خصوصی کمیٹی میں واضح کردیا۔ 

سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو کے معاملے پر چیئرمین سینٹ کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا اہم اجلاس کنوینئر مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں ہوا تاہم سینیٹر اعظم سواتی نے اجلاس میں شرکت نہ کی۔

ایڈیشل سیکرٹری داخلہ بریفنگ میں بتایا کہ جیسے ہی یہ معاملات شروع ہوئے تو وزارت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ جائزہ لے اور رپورٹ پیش کرے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے بریفنگ دی کہ سائبر کرائم ونگ نے رپورٹ دی کہ ویڈیو جعلی اور ایڈٹ شدہ ہے۔ ہماری ساتھ کوئی بھی چیز شئیر نہیں کی گئی جس پر سینیٹر مشتاق نے سوال کیا کہ اگر آپ کو وہ ویڈیو ارسال کرنے والے کا نمبر فراہم کردیا جائے تو کیا آپ سراغ لگا سکتے ہیں؟ جس پر ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ جی نمبر معلوم ہو تو سراغ لگا سکتے ہیں لیکن پرائیویٹ نمبر کو نہیں ٹریس کر سکتے۔

سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ یہ کمیٹی اعظم سواتی سے کہے کہ جس نمبر سے ویڈیو آئی ہے وہ سپریم کورٹ کے ساتھ شیئر کرے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ پہلی ویڈیو نہیں۔ پہلے بھی ایسی ویڈیوزبنتی رہی ہیں۔ اگر یہ ویڈیو جعلی ہے بھی تو کیا ایف ائی اے نے اس پر کوئی ایکشن لیا ہے؟

ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ اگر جگہ کی تصاویر مل جائیں تو ہم پتا لگا سکتے ہیں لیکن ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنا ممکن نہیں۔ ایف آئی اے صرف مقامی سطح پر آئی پی ایڈریس کو ٹریس کر سکتا ہے، اگر ویڈیو بیرون ملک سے اپ لوڈ ہوئی ہے تو ٹریس کرنا ممکن نہیں۔