Friday, April 26, 2024

اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کا نیب پر موقف جھوٹ کا پلندہ قرار دیدیا

اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کا نیب پر موقف جھوٹ کا پلندہ قرار دیدیا
June 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کا نیب پر موقف جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا، بولے عمران خان کیساتھ ساتھ نیب بھی ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب قانون میں 80  فیصد ترامیم عمران خان کی لائی ہوئی تھیں جنھیں آرڈیننس کے ذریعہ نافذ کیا گیا تھا۔ بولے کہ عمران خان سیاسی بیان بازی سے احتراز کریں اور فیصلہ عدالت پر چھوڑیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم ان ترامیم کا پورا دفاع کریں گے، یہ ترامیم اسلامی شریعت، آئین اور پاکستانی قوانین کے عین مطابق ہیں۔ ہم نے سرکاری ملازمین کو تحفظ دیا ہے تاکہ وہ نیب کی بلیک میلنگ کے بغیر ملک کی خدمت کرسکیں۔ نیب کی اندھی پالیسی کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں ڈالر کا ٹیکہ لگا ہے۔

نیب ترامیم عدالتی فیصلوں کی روشنی میں کی گئیں، ان ترامیم میں عدالت کو ضمانت کا حق دینا، سزا کے بعد ضمانت کا اختیار ہونا، ریٹائر ججوں کو جج تعینات نہ کرنا، چئیرمن نیب کو ہٹانے کا طریقہ کار وضع کرنا شامل ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چئیرمن نیب کا دفتر اختیارات کا مرکز اور فرد واحد امر بن کر پورے ادارے کو یرغمال بنائے ہوئے تھا۔ چیئرمین نیب کے صوابدیدی اختیارات کو آئین قانون اور شریعت کے دائرے میں لایا گیا ہے۔