ازبک صدر کی وزیراعظم سے ملاقات، کئی شعبوں میں 9 ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد (92 نیوز) - ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں 9 ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے ازبک صدر کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ ازبک صدر کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتا ہوں، ازبکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ایک سال میں تجارت میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں میں 5 گناہ اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان ظہیر الدین بابر پر مشترکہ فلم بنا رہا ہے، اردو اور ازبکستان کی زبان میں 3 ہزار الفاظ مشترک ہیں۔
وزیراعظم نے ازبک صدر کو مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہ کیا، کہا کہ اسلامو فوبیا پر دونوں ملکوں کو موقف یکساں ہے، ناموس رسالت پر مسلم کو ملکر مہم چلانا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان افغانستان کے راستے رابطے بڑھا رہے ہیں، ازبک صدر کے ساتھ افغانستان کے راستے ٹرین رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔ دو مغربی ممالک نے پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کی، پاکستان اور ازبکستان ثقافتی شعبوں کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔ افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور تسلیم کرنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں سے افغانستان مستفید ہوگا۔
ازبک صدر شوکت مرزا یوف نے کہا پاکستان کے وزیراعظم اور عوام کا بھرپور مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مختلف امور پر تعمیری گفتگو رہی۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف کی وزیراعظم عمران خان کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، جس میں کئی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات زیرغور آئے۔
اس سے قبل ازبک صدر شوکت مرزا یوف وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم عمران خان نے ازبک صدر کا خیرمقدم کیا۔
ازبک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے، ازبکستان کے صدر کو وفاقی کابینہ اور وزیراعظم ہاؤس کے اسٹاف سے تعارف کرایا گیا۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا اسلام آباد پہنچنے پر استقبال کیا۔
ازبک صدر کی صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات شیڈول ہے، ازبک وزیر خارجہ، کابینہ کے ارکان، اعلیٰ حکومتی حکام، تاجروں اور صحافیوں پر مشتمل اعلیٰ سطح کا ایک وفد ازبک صدر کے ہمراہ ہے۔