لاہور (92 نیوز) - اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت ملنے تک شوگر ملز نے کرشنگ شروع نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ملک میں موجود چینی کا وافر اسٹاک کرشنگ سیزن کے آغاز میں رکاوٹ بن گیا۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے اضافی چینی برآمد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس چیئرمین عاصم غنی عثمان کی صدارت میں ہوا جس میں پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے ارکان شریک ہوئے۔ شرکا نے بتایا کہ جب تک حکومت اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت نہیں دے گی تب تک کوئی شوگر مل نہیں چل سکے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت شوگر انڈسٹری کے پاس 15 جنوری 2023 تک کے اسٹاک موجود ہیں۔ ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مطابق اس وقت شوگر انڈسٹری کے پاس 2 ہی آپشن ہیں۔ کرشنگ سیزن میں تاخیر کی جائے تاکہ 15 جنوری تک کا اسٹاک ختم ہو یا پھر حکومت 10 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے۔
ترجمان نے بتایا کہ چینی کی برآمد سے ایک ارب ڈالر کا غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی کرشنگ سیزن کا بھی آغاز کیا جاسکتا ہے۔