Saturday, July 13, 2024

اضافی بجلی بلوں کیخلاف شہر شہر، قصبہ قصبہ عوام کا احتجاج

اضافی بجلی بلوں کیخلاف شہر شہر، قصبہ قصبہ عوام کا احتجاج
August 25, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی/ پشاور (92 نیوز) - بجلی کی قیمت میں اضافہ نے عوام کے ہوش اڑا دیئے، اضافی بجلی بلوں کیخلاف شہر، شہر، قصبہ، قصبہ عوام کا احتجاج جاری ہے، ٹائر جلا کر سڑکیں بلا کردی گئیں، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی، سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کی بھی دھمکی دے دی گئی۔

ہائے مہنگائی، مار گئی مہنگائی، شہر، شہر، گلی، گلی عوام کی دہائی، بجلی بلوں میں اضافہ کیخلاف پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔
راولپنڈی میں بجلی کے اضافی بلوں کیخلاف مری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ ہوا، مظاہرین نے سول نافرمانی تحریک کی دھمکی دیدی۔

پشاور میں شہریوں نے احتجاجاً بجلی کے بل جلا ڈالے، ہری پور میں شہریوں نے سرکاری ملازمین اور ارکان اسمبلی کو مفت بجلی کی سہولت واپس لینے کا مطالبہ کیا، اٹک میں مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کردی، جس سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔

ملتان، رحیم یارخان، وہاڑی، لیہ، پاکپتن سمیت جنوبی پنجاب کے بیشتر شہروں میں بجلی بلوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے، ریلیاں نکالیں، ٹائر جلاکر سڑکیں بلاک کردیں، میپکو دفاتر کا گھیراؤ بھی کیا، بجلی سستی نہ کرنے پر احتجاج کا دائرہ بڑھانے کا اعلان کردیا۔

گوجرانوالہ، نارووال، قصور، ننکانہ صاحب، چنیوٹ میں بھی بجلی بلوں کیخلاف مظاہرے کئے گئے، مشتعل شہریوں نے شدید نعرے بازی کی اور احتجاجاً بجلی کے بل جلا ڈالے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھر چلائیں یا بجلی کے بل جمع کرائیں، اضافی بل غریبوں پر بم سے کم نہیں، حکومت ظالمانہ فیصلہ واپس لے۔

آزاد کشمیر میں شہریوں اور تاجروں نے مظاہرے کئے، بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس نہ لئے جانے کی صورت میں 5 ستمبر کو پورے آزادکشمیر میں احتجاج کی کال دے دی۔